کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پشتونخوا لائرز فورم کی جنرل باڈی کا اجلاس صوبائی صدر ایڈوکیٹ حسن یار خان مندوخیل کی صدارت میں ہوا ، جس میں سیاسی اور تنظیمی فیصلے کیے گئے ۔ اجلاس میں شیرانی واقعے میں مغوی اہلکار اعظم شیرانی کی تاحال عدم بازیابی پر سخت تشویش کا اظہار اور واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ فارم 47 کی حکومت اپنے شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے ۔ اجلاس میں ایگزیکٹوز کے فیصلوں کی توثیق کی گئی جس کے مطابق 8 اکتوبر کو ضلع کوئٹہ کی کابینہ کے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا الیکشن ضلع کچہری میں ہوں گے ، فورم ضلع کوئٹہ کے تمام ممبران سے حصہ لینے کی اپیل کی گئی ۔ اجلاس میں ایگزیکٹو کے اس جمہوری فیصلے کو سراہا اور انتخابات میں مکمل شرکت کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ملک کو بچانے کا واحد راستہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کا فارمولا ہے جس میں تمام اقوام کو اپنے حقوق اور ان کے ساحل وسائل پر اختیار دینا ، آئین کی بالادستی ، قانون کی حکمرانی کو تسلیم کرنا ہے اور یہی پاکستان کی ترقی اور پاکستان کو بچانے کا راستہ ہے۔