• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیلابی بحران سے جنوبی پنجاب میں اہم انفرا اسٹرکچر پر شدید دباؤ

کراچی ( خالدمصطفیٰ) پاکستان کے بدترین حالیہ سیلابی بحران کے دوران ملک کا اہم انفراسٹرکچر شدید دباؤ میں ہے۔ جنوبی پنجاب کے علاقے جلال پور پیروالہ میں سیلابی پانی نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (SNGPL) کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک کے ایک اہم حصے کو متاثر کر دیا، جس کے بعد ہنگامی بنیادوں پر مرمت کا کام شروع کیا گیا ہے۔ تاہم یہ ہنگامی اقدامات اب ممکنہ حفاظتی خطرات اور طریقہ کار کی خلاف ورزیوں کے باعث تنقید کی زد میں ہیں۔سیلاب کے باعث متعدد پائپ لائنیں اپنی اصل جگہ سے ہٹ گئیں اور اوپر اٹھ گئیں، جس سے تکنیکی ماہرین کے مطابق یہ علاقہ ایک ہائی رسک زون میں تبدیل ہو گیا۔ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایس این جی پی ایل نے فوری طور پر 36 انچ قطر کی پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا، جو چھ سے سات کلومیٹر کے رقبے پر دو بڑی اسمبلیوں کو جوڑنے کے لیے بنائی جا رہی ہے تاکہ پنجاب کو گیس کی فراہمی جاری رکھی جا سکے۔تاہم اس ہنگامی تعمیر کے طریقہ کار نے انجینئرنگ اور حفاظتی خدشات کو جنم دیا ہے۔ اندرونی ذرائع کے مطابق نئی پائپ لائن موٹر وے کے بالکل بیچوں بیچ بچھائی جا رہی ہے، جو خود سیلابی نقصان کے باعث کئی مقامات پر بیٹھ گئی ہے۔ ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ یہ طریقہ کار ہائی پریشر گیس لائنز کے لیے مقررہ حفاظتی پروٹوکول کی خلاف ورزی ہو سکتا ہے اور اگر یہ لائن فعال ہوئی تو سنگین خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔
اہم خبریں سے مزید