• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کو سکھر کی اونٹنی چاندنی کے علاج کی رپورٹ پیش

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو سکھر کی اونٹنی چاندنی کے علاج کی رپورٹ پیش، ڈاکٹرز نے چاندنی کو بچانے کےلیے فوری سرجری اور روزانہ خون کے ٹیسٹ کی سفارش کر دی۔ وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیکل ٹیم کو ہدایت دی ہے کہ چاندنی کی صحت بہتر بنانے کو سب سے اہم سمجھا جائے اور فوری طور پر تمام ضروری وسائل اور جدید ویٹرنری سہولتیں فراہم کی جائیں۔تفصیلات کے مطابق وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ملیر میں قائم سی ڈی آر ایس شیلٹر کے میڈیکل بورڈ کی تفصیلی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شاہ پٹی ضلع سکھر سے تعلق رکھنے والی دو سالہ ایک کوہان والی اونٹنی ’’چاندنی‘‘ کا معائنہ کیا اور فوری سرجری اور انتہائی نگہداشت کی سفارش کی۔ رپورٹ سیکریٹری فشریز اینڈ لائیو اسٹاک کاظم جتوئی نے پیش کی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ دو سالہ اونٹنی ’’سُمی‘‘ کا نام سی ڈی آر ایس میں تبدیل کر کے ’’چاندنی‘‘ رکھا گیا ہے۔ چاندنی کو 19 ستمبر 2025 کو شدید زخمی حالت میں داخل کیا گیا تھا۔ڈاکٹر ذوالفقار حیدر اوٹھو، ڈاکٹر جاوید کھوسو، ڈاکٹر شہلہ حیات، ڈاکٹر محمد علی گوپانگ اور ڈاکٹر محمد علی ایاز پر مشتمل ماہرین کے بورڈ نے متفقہ طور پر چاندنی کی پچھلی دائیں ٹانگ کاٹنے (ایمپیوٹیشن) کی سفارش کی کیونکہ ٹانگ میں حس ختم ہوچکی ہے اور سوجن کی وجہ سے خون میں زہر (سیپٹیسیمیا) کا خطرہ ہے۔ ساتھ ہی ٹوٹے ہوئے جبڑوں کی جراحی بھی ضروری قرار دی گئی تاکہ خوراک لینے میں دشواری کے باعث پیدا ہونے والی پانی کی کمی، نمونیا اور سانس کی نالی میں غذا جانے جیسے خطرات سے بچایا جا سکے۔سرجری کے علاوہ روزانہ خون کے ٹیسٹ کیے جائیں گے تاکہ چاندنی کی حالت کا جائزہ لیا جا سکے، جن میں خون کے پیراسائٹس کی جانچ بھی شامل ہوگی۔ شدید خون کی کمی دور کرنے کے لیے فوری طور پر خون کی منتقلی کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔میڈیکل ٹیم نے واضح کیا کہ چاندنی کی حالت نازک ہے، جس میں خون کے پیراسائٹس کا انفیکشن، خون کی کمی اور پانی کی کمی بنیادی مسائل ہیں۔ جراحی سے قبل اونٹنی کی صحت کو مستحکم کرنا اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے فشریز اینڈ لائیو اسٹاک ڈپارٹمنٹ کو علاج کی نگرانی، باقاعدہ رپورٹس کی فراہمی اور ضرورت پڑنے پر مزید ماہرین سے مشاورت کی ہدایت کی تاکہ چاندنی کی مکمل صحت یابی یقینی بنائی جا سکے۔سی ڈی آر ایس کی ٹیم چاندنی کی حالت پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور خصوصی ویٹرنری نگہداشت کے ذریعے اس کی مکمل صحت یابی کی کوششیں جاری ہیں۔
اہم خبریں سے مزید