لندن( جنگ نیوز) لندن میں واقع فلسطینی مشن پر فلسطینی ریاست کا پرچم لہرا دیا گیا۔برطانیہ میں فلسطین کے سفارت خانے پر پہلی بار فلسطینی پرچم لہرایا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانیہ میں فلسطینی سفیر حسام زملوط نےکہا کہ یہ قدم تاریخی ناانصافیوں کا ازالہ اور آزادی و وقار پر مبنی مستقبل کی جانب پیش رفت ہے۔فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا وقار اور بنیادی انسانی حقوق پر مبنی مستقبل کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔حسام زملوط نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام بھوک، بمباری اور ملبے تلے دفن ہونے جیسے حالات سے دوچار ہیں جب کہ مغربی کنارے میں ریاستی جبر اور زمینوں پر قبضہ جاری ہے۔حسام زملوط نے کہا کہ اب بھی فلسطینی عوام کی انسانیت پر سوال اٹھائے جا رہے ہیں، ہماری زندگیاں بے وقعت سمجھی جا رہی ہیں اور ہمارے بنیادی حقوق مسلسل سلب کیے جا رہے ہیں۔