سری نگر(کے پی آئی)نئی دہلی کی تہاڑ جیل میں نظر بند بھارتی پارلیمنٹ کے کشمیری رکن انجینئر رشید نے مسلسل دوسرے روز بھی بھوک ہڑتال جاری رکھی ہے۔ عوامی اتحاد پارٹی کے ترجمان انعام النبی نے ایک بیان میں کہا کہ انجینئر رشیداپنی 48گھنٹے کی بھوک ہڑتال کے 30 گھنٹے مکمل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ احتجاج کوئی ذاتی قربانی نہیں بلکہ ان بے پناہ مشکلات کی عکاسی کرتا ہے جن کا کشمیریوں کو بھارتی قبضے میں سامنا ہے۔پارٹی کے سینکڑوں کارکنوں، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے ارکان نے جیل میں بند رکن پارلیمنٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے سرینگر میں پارٹی دفتر کا دورہ کیا۔انعام النبی نے کہا کہ زبردست ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ انجینئر رشید اگرچہ جیل کی دیواروں کے پیچھے قید ہیں لیکن ان کی آواز کشمیریوں کی ترجمانی کرتی ہے اوریہ انصاف کے مطالبے کی علامت ہے۔