حیدرآباد (بیورو رپورٹ) حیدرآباد‘ جامشورو سمیت سندھ کے 14اضلاع کی 28نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 24ستمبر بدھ کو منعقد ہوں گے۔ اس سلسلے میں تمام تر ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ حیدرآباد سمیت 14اضلاع میں ضمنی انتخابات کی وجہ سے تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں دو ممبر ڈسٹرکٹ کونسل‘ 6 چیئرمین‘ 7 وائس چیئرمین اور 13جنرل/وارڈ ممبر کی نشستیں شامل ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی کے لیے 14ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران‘ 21ریٹرننگ افسران‘ 21 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران،14ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران اور21 مانیٹرنگ افسران تعینات کیے گئے ہیں۔ کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 43ہزار187ہے جن میں ایک لاکھ 33ہزار38مرد اور ایک لاکھ 10ہزار 154خواتین شامل ہیں‘ انتخابی عمل کے لیے 1512اہلکار ذمہ داریاں نبھائیں گے جن میں پریزائیڈنگ افسران‘ اسسٹنٹ پریزائیڈنگ افسران اور پولنگ افسران شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 167پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں 17مرد‘ 17 خواتین اور 134مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں‘ سیکیورٹی انتظامات کے تحت 127پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس‘ 34کو حساس اور 6کو نارمل قرار دیا گیا ہے‘ کشمور‘ کندھ کوٹ‘ شکارپور‘ قمبر شہداد کوٹ‘ نوشہرو فیروز‘ شہید بینظیر آباد‘ تھر پارکر‘ ٹنڈو الہ یار اور سجاول میں تمام نشستیں امیدواروں کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کے باعث اب ان اضلاع میں پولنگ منعقد نہیں کی جائے گی۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایات کے تحت حکومت سندھ یہ اعلان کرتی ہے کہ 24 ستمبر 2025 (بروز بدھ) کو صوبہ سندھ کے 14 اضلاع گھوٹکی‘ سکھر‘ خیرپور‘ میرپور خاص‘ عمرکوٹ‘ مٹیاری‘ حیدرآباد‘ جامشورو‘ دادو‘ بدین‘ ٹھٹھہ‘ کراچی ویسٹ‘ کراچی ایسٹ اور کیماڑی کراچی کی حلقہ بندیوں کی حدود میں عام تعطیل ہوگی تاکہ ووٹرز مقامی حکومت کے ضمنی انتخابات کے موقع پر اپنے ووٹ کاسٹ کرسکیں۔