کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان سافٹ ویئر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) کی جانب سے پاشا آئی سی ٹی ایوارڈ 2025ء کا انعقاد کیا گیا۔ ایوارڈز کیلئے 1700کمپنیوں اور انجینئرز نے اپنے اسمارٹ اپس بھیجے تھے جن میں سے 51منتخب خوش نصیبوں کو پاشا ایوارڈز سے نوازا گیا۔ پاشا ایوارڈز کا اعلان 10 مرکزی اور 41 سب کیٹیگریز میں کیا گیا۔ کراچی میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے طالبعلم فرقان حبیب صدیقی کے اسٹارٹ اپ ’’حساب دوست‘‘ کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔ کو پارٹنر فاسٹ یونیورسٹی کے طالبعلم حسان اللہ اور فرقان حبیب صدیقی نے پاشا ایوارڈ وصول کیا۔ فرقان حبیب صدیقی نے کوانٹینیشیا کمپنی کی بنیاد رکھتے ہوئے ’’حساب دوست‘‘ ایپ متعارف کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ حساب دوست ایپ گھریلو صارفین اور کمپنیوں دونوں کیلئے مفید ہے جسکے ذریعے وہ اپنے ماہانہ اور سالانہ اخراجات کو اے آئی کے ذریعے تیار ایپ ’’حساب دوست‘‘ پر ڈال کر اخرجات کنٹرول کرسکتے ہیں۔ فرقان نے بتایا کہ یہ ایپ انڈسٹریز کیلئے بھی مفید ہے اور اسکے صارفین میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔