اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے نوجوان ملک کی تقدیر بدلنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ یہ اجلاس اسلام آباد کے نمائندوں کا ہے اور یہی نوجوان شہر کی تاریخ بدلیں گے۔شہر میں بیڈ گورننس، اور سی ڈی اے کی نااہلی پر تشویش ظاہر کی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ کے نومنتخب زونل و یوسیز صدور کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم ،سیکرٹری جنرل زبیر صفدر ، نائب امیر ڈاکٹر طاہر فاروق ، صدر جماعت اسلامی یوتھ صہیب عثمان ، سیکرٹری مطاہر بشیر سمیت دیگر قائدین موجود تھے۔ نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ شہر کے بنیادی مسائل جیسے پانی، سیوریج، بجلی، سڑکیں، ہسپتال اور کھیلوں کے میدان کی ناقص صورتحال ہے ۔ گزشتہ تیس سال میں کوئی نیا پانی کا منصوبہ نہیں آیا، جبکہ اربوں روپے صرف میک اپ منصوبوں پر خرچ ہوئے۔ سی ڈی اے ، آئی سی ٹی اور الیکشن کمیشن نے مل کر اسلام آباد کے وسائل کو ہڑپ کیا ہے، سیکٹوریل ایریا کے علاوہ باقی اسلام آباد میں پانی ، صحت اور انفراسٹرکچر کا کوئی حال نہیں ۔ تمام شہریوں کو برابر کے حقوق دینا حکومت کی ذمہ داری ہے۔