• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینسر کے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم اجلاس

لاہور (جنرل رپورٹر ) محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں کینسر کے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس کی صدارت صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کی۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودخان نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کا بنیادی مقصد کینسرکے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے طریقہ کارکووضع کرنا تھا۔اس حوالے سے طبی ماہرین نے اپنی قیمتی تجاویزاور آراءسے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران پاکستان بالخصوص پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کینسرکے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔وائس چانسلر کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ کوابلیشن ٹیکنالوجی خاص طورپر ایسے مریضوں کیلئے کارآمدہوگی جن کی بیماری کی تشخیص ابتدائی مراحل میں ہوجاتی ہے۔میو ہسپتال لاہورمیں اس سہولت کیلئے خاص طور پر ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ تمام مریضوں کے مکمل ٹیسٹ کروانے کے بعد ماہرین کی کمیٹی فیصلہ کرے گی کہ اس علاج سے مریض کو فائدہ ہوگااور کینسرختم ہوسکے گا یا نہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر محمود ایاز نے کہاکہ میوہسپتال لاہورمیں یہ مشین خاص طورپر جگر، پھیپھڑوں، گردوں اورچھاتی کے مخصوص قسم کے کینسرزکے مریضوں کیلئے انتہائی سودمندثابت ہوگی۔صوبائی وزیرصحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ کینسرکے مریضوں کیلئے کوابلیشن ٹیکنالوجی وزیراعلیٰ پنجاب کا صحت دوست ویژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔کوابلیشن ٹیکنالوجی بارے عوام میں آگاہی پھیلانا انتہائی ضروری ہے۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن عظمت محمودخان نے کہاکہ اس پورے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور سے مزید