لاہور(خبرنگار) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے آج 23 ستمبر کو سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کی حفاظت ہر مسلمان کے دل کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک سعودی دفاعی معاہدہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرے گا۔ پاکستان اور سعودی عرب نہ صرف دینی و روحانی رشتے میں جُڑے ہوئے ہیں بلکہ دونوں ممالک خطے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے قریبی تعاون کے خواہاں ہیں۔ دریں اثنا اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدہ ہر لحاظ سے بڑا مبارک اور اہم فیصلہ ہے۔ یہ نہ صرف دونوں ملکوں بلکہ پوری امت کے بہترین مفاد میں ہے۔ اس عظیم اور تاریخ ساز اقدام پر ولی عہد محمد بن سلمان، وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ، فیلڈ مارشل جرنل سید عاصم منیر ، وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور سعودی سفیر محمد بن نواف سعید المالک پوری ملت اسلامیہ کی طرف سے بجا طور پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ وہ مرکزِ ربانیہ کھڈیاں سیرت النبی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔