دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا جلد فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ تاہم اس سے قبل اس کی قیمت کا صحیح اندازہ لگانے کی ضرورت ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق موٹسویدی (Motswedi) نامی ہیرا گزشتہ برس افریقی ملک بوٹسوانا سے دریافت ہوا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے جس کا وزن 2 ہزار 488 قیراط ہے، اس کی مالیت کروڑوں میں ہوسکتی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پتھروں کے معروف فرم اس ہیرے کا تجزیہ کر رہی ہیں اور اس کی ممکنہ قیمت کا صحیح اندازہ لگا رہی ہیں۔
پتھروں کی معروف فرم کے پبلک افیئرز کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس وقت اس کی قیمت لگانا بہت مشکل ہے۔ ہمیں سب سے پہلے پتھر کا معائنہ کرکے یہ دیکھنا ہوگا کہ ہم اسے تراشنے کے بعد کیا حاصل کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ایک اندازے کے مطابق موٹسویدی کی جانچ چار جواہرات کے مجموعے کے ایک حصے کے طور پر کی جارہی ہے، جس میں دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ہیرا بھی شامل ہے اور ایک اندازے کے مطابق موٹسویدی سمیت چاروں جواہرات کی قیمت کم از کم 100 ملین ڈالرز تک ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موٹسویدی کی صحیح قیمت کا اندازہ لگانے سے قبل ہی دنیا بھر سے خریدار اس میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان پتھروں کا سائز اتنا نایاب ہے کہ انہیں عجائب گھر میں رکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ نایاب ہیرا گزشتہ 120 سالوں میں دریافت ہونے والا دوسرا سب سے بڑا ہیرا ہے، جس کی مشابہت 1905 میں جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والے دنیا کے مشہور کولینن ہیرے سے کی جا رہی ہے۔
کولینن ہیرا 3 ہزار 106 قیراط کا تھا، جو بعد میں 9 الگ الگ پتھروں میں کاٹ دیا گیا تھا، جن میں سے کئی اب برطانوی شاہی زیورات کا حصہ ہیں۔