کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پولیس اہلکاروں پر حالیہ ہونے والے حملوں میں دو گروہوں کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں پر حملوں میں دو مختلف اسلحے استعمال ہوئے ہیں۔ڈیفنس فیز ون اور ملیر میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ میں ایک ہی اسلحہ استعمال ہوا۔ گذری میں پولیس موبائل پر فائرنگ میں استعمال اسلحہ دیگر وارداتوں میں بھی استعمال ہوا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر دہشت گردوں کے دو مختلف گروہ حملوں میں ملوث ہیں۔ مختلف مقامات سے ملنے والے خولوں کا مینیوول فرانزک کیا جارہا ہے۔ پولیس اہلکاروں پر مسلح حملوں میں ملوث تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں کیا جاسکا ہے۔واضح رہے کہ شہر میں رواں برس 14 پولیس اہلکار فائرنگ کے واقعات میں شہید ہوئے ہیں۔