کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و رکنِ قومی اسمبلی سید امین الحق کہاہےکہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ شہرِ کراچی کے مسائل کو اپنی جدوجہد کا محور بنایا، 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج اہل کراچی کیلئے ایک اور کامیاب جدوجہد ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن کے زیراہتمام کے ڈی اے ملازمین کے ریفرنڈم 25 ستمبر کے حوالے سے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئےکیا۔سید امین الحق کاکہنا تھاکہ ایم کیو ایم پاکستان نے ہمیشہ کراچی شہرکے مسائل کو اپنی جدوجہد کا محور بنایا، چاہئے وہ پانی کی قلت کا خاتمہ کرنے کیلئے کے فور منصوبہ ہو، گرین لائن بس سروس ہو یا مردم شماری میں کراچی کی اصل آبادی کو تسلیم کروانے کی کوشش، یہ سب ایم کیو ایم پاکستان کی انتھک کاوشوں کا نتیجہ ہیں، 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکیج کراچی کے عوام کے لئے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور کامیاب جدوجہد ہے اور ہم ہر اس ہاتھ کو توڑ دیں گے جو شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گا۔