اسلام آباد (ایجنسیاں)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ سیلاب کے موقع پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ سے اجتناب کیا جائے‘ ایک سیاسی رہنما نے بیان دیا کہ بی آئی ایس پی فراڈ ہے جو نامناسب بیان ہے‘ رہنما نے ایک کروڑ خاندانوں کی توہین کی ہے‘انہیں اس پر معافی مانگنی چاہئے ‘اگرکسی کو اس پروگرام کے نام سے تکلیف ہے تو یہ نام تبدیل نہیں ہوگا، یہ پروگرام سیاست نہیں، غریبوں کی بقا اور وقار کا سہارا ہے۔بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر روبینہ خالد کا کہناتھاکہ 2022کے سیلاب میں بی آئی ایس پی نے 70 ارب روپے کی ہنگامی امداد دی‘یہی وہ پروگرام ہے جو سیلاب زدگان کو بہترین سہولیات فراہم کرسکتا ہے۔یہ پروگرام غریبوں کی بقا اور وقار کا سہارا ہے‘کورونا میں بھی اسی پروگرام کے تحت لاکھوں خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا گیا۔