کراچی (نیوز ڈیسک) کینیڈا کی یونیورسٹی آف کیلگری اور نیشنل ریسرچ کونسل آف کینیڈا کے سائنسدانوں نے چوہوں اور چند پودوں کی پتّوں پر تجربوں سے معلوم کیا ہے کہ زندہ جاندار اپنے جسم سے انتہائی ہلکی روشنی (biophoton یا ultraweak photon emission) خارج کرتے ہیں، اور مرنے پر یہ روشنی فوراً غائب ہو جاتی ہے۔ سائنس میگزین کی رپورٹ کے مطابق، تجربے میں زندہ چوہوں کو ایک مکمل تاریک باکس میں رکھا گیا، اور پھر ان کی موت کے بعد ایک گھنٹے تک ان کی تصویر کشی کی گئی۔ دونوں حالتوں میں ایک حیران کن بات سامنے آئی کہ جب وہ زندہ تھے تو ان کے جسم سے روشنی کے اخراج کا واضح اشارہ ملا، تاہم موت کے بعد یہ روشنی بہت کم اور پھر ختم ہو گئی۔ پودوں پر تجربات کے دوران بھی یہی بات ثابت ہوئی کہ جہاں پتّیاں زخمی یا نقصان زدہ تھیں، وہ حصّے زیادہ روشن ہو رہے تھے — مطلب جسمانی یا کیمیائی دبائو سے بھی روشنی میں کمی بیشی ہوتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ دریافت اہم ہے کیونکہ یہ زندہ خلیات (living cells) کی حالت اور دبائو کو جسم کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے معلوم کرنے کا نیا طریقہ ثابت ہو سکتی ہے۔