پشاور(این این آئی)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ افغانستان سے مثبت پیغام آیا ہے‘صوبائی حکومت مذاکرات کرے گی‘ 27ستمبرکو بانی پی ٹی آئی کے حکم پر جلسہ کررہے ہیں، ہم بڑا جلسہ کرکے ثابت کریں گے کہ لوگ بانی کے ساتھ کھڑے ہیںجبکہ تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصرنے جنید اکبر، عاطف خان اور دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ کسی صورت اپنے قدرتی وسائل کا اختیار کسی کو نہیں دیں گے۔تفصیلات کے مطابق منگل کو میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ گنڈاپورکا کہنا تھاکہ جتنے آپریشن ہوئے ہیں، کوئی حل نہیں نکلا، دہشتگردی مزید بڑھ گئی‘افغانستان کی طرف سے مثبت جواب آیا ہے‘وہ بھی مذاکرات چاہتے ہیں ۔ اس ہفتے قبائل کے وفد کے نام وفاق کو بھجوادیے جائیں گے۔ہماری قبائلی علاقوں کے لوگوں سے بات ہوئی ہے، ہم نام دینگے اور مذاکرات شروع کریں گے۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں مصوم جانوں کا نقصان کسی صورت قابل قبول نہیں ہے‘ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، ہم اپنا حق حاصل کریں گے۔