بھارتی گلوکار عدنان سمیع نے فلم سردار جی 3 معاملے پر دل جیت دوسانجھ کا جواب آنے کے بعد کہا ہے کہ ’ملک بھی آپ کا گھر ہے، فنکار ہمیشہ اپنے ملک کا ہوتا ہے‘۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق عدنان سمیع 2016ء میں بھارتی شہری بن گئے ہیں، حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیاست کچھ اور ہے اور قومیت کچھ اور ہے فنکار ہمیشہ ملک کا ہوتا ہے، وہ سیاسی نہیں ہوسکتا۔
عدنان سمیع نے مزید کہا کہ فنکار کسی سیاسی نظریے سے مطابقت نہیں رکھتا، اس کا فن سرحدوں کو عبور کر جاتا ہے، یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ آپ اسے مجبور نہیں کرسکتے۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت میں پاکستانی ڈراموں اور فلموں پر پابندی لگادی تھی، دل جیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 اور دیگر فلمیں، جن میں پاکستانی فنکار تھے وہ بھارت کے سوا دیگر ممالک میں ریلیز کی گئیں۔
دل جیت دوسانجھ کا فلم سردار جی کے حوالے سے موقف تھا کہ شوٹنگ پہلگام واقعے پہلے سے ہوئی تھی، دھمکیوں کے باوجود میں نے اسے بیرون ملک ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ پاکستان اور بھارت کے میچز کے بعد کہنے کو بہت کچھ ہے لیکن خاموش رہنے کا فیصلہ کیا تاکہ منفی جذبات نہ ابھریں۔