کوئٹہ (آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت علی لہڑی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے مسائل کے حل اور لوگوں کی مشکلات کے بارے میں اسمبلی فلور پر آواز اٹھانے کے بعد میرے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے میرا میڈیا ٹرائل شروع کردیا گیا ہے وزارت پارٹی کی امانت ہے وہ جب چاہے واپس لے سکتے ہیں میں عوام کا منتخب نمائندہ ہوں اور ان کے مسائل کے حل ، روزگار کی فراہمی، بے روزگاری کے خاتمے، امن کی بحالی اور دیگر مسائل کو دور کرنے کے لئے آواز بلند کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا کردار ادا کرتا رہا ہوں گا۔ اسمبلی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میر لیاقت لہڑی نے کہا کہ میں حکومت کے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت کرتا ہوں کیونکہ میرا تعلق پیپلزپارٹی سے ہے گزشتہ روز اسمبلی فلور پر اٹھائے جانے والے نکات کے بعد میرے خلاف انتقامی کارروائی شروع کی گئی اور میڈیا ٹرائل بھی کیا جارہا ہے ان اقدامات سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ اسمبلی فلور پر میری تقریر کے بعد مرکزی قیادت نے بھی مجھ سے رابطہ کیا ہے امید ہے کہ چند روز میں مرکزی قیادت سے ملاقات ہو گی ۔ میں حکومتی اقدامات کی حمایت کرتا ہوں اور آئندہ جو بھی اچھے اقدامات کئے جائیں گے ان کی حمایت کروں گا ہماری کوشش ہے کہ نوجوانوں اور لوگوں میں پائے جانے والے تحفظات کو دور کرکے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جاسکے۔