• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکی مروت، 17 بھارتی خوارج ہلاک، سیکورٹی فورسز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم، وزیراعظم

راولپنڈی، اسلام آباد (نیوز رپورٹر، اے پی پی) سکیورٹی فورسز اور پولیس نے خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں مشترکہ آپریشن دوران بھارتی حمایت یافتہ 17خوارج کو جہنم واصل کردیا، آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا گیا، کارروائی کے دوران7زخمی خوارج فرار ہوگئے جن کی تلاش کیلئے سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیرائو کرکے آپریشن کیا جارہا ہے، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، دہشت گرد سیکورٹی فورسزکیخلاف کارروائیوں اور بیگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث تھے، وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت اور سیکورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پر عزم ہیں، وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہفتہ کو آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق 26/27 ستمبر کی رات کو سیکورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران سیکورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کا موثر طریقے سے گھیرائو کیا جسکے نتیجے میں 17 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا، ہلاک خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا جو سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کیخلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خارجی کو ختم کرنے کیلئے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع کرک میں 17 خوارج کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کی بدولت خوارج کے مذموم عزائم خاک میں مل گئے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی عفریت کو جلد جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 17 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا اور کہاکہ سکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ محسن نقوی نے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں،جنہوں نے فتنہ الخوارج کے خلاف نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ قوم سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید