• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا لاہور میں پی آئی ڈی سی ایل کام کرتی نظر آتی ہے؟، مرتضیٰ وہاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے وسائل کراچی کے عوام پر خرچ ہونے چاہئیں، کیا لاہور میں پی آئی ڈی سی ایل کہیں کام کرتے ہوئے نظر آتی ہے؟ جو افراد اچھل اچھل کر پریس کانفرنسوں میں جھوٹ بول رہے ہیں کہ میئر کام رکوا دیتا ہے وہ دراصل اپنی نااہلی اور نکما پن چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں،انہیں بڑا ڈائس نہ دیا کریں جو دوسروں پر الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کرتے،جب تک کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز ایک پیج پر نہیں آئیں گے، کھینچا تانی جاری رہے گی اور شہر ترقی نہیں کر سکے گا، لوگ پرائیویٹ کلبز کا رخ کرتے ہیں، لیکن عوامی پارکس کیوں خالی رہتے ہیں؟،،مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک کا قیام مینگرووز کے تحفظ اور عوامی آگاہی کے لیے ایک اہم قدم ہے،ماحولیات کے تحفظ کے حوالے سے زمینوں کے کاروبار سے وابستہ افراد کی دلچسپی خوش آئند ہے، جو آنے والی نسلوں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے، کے ایم سی، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) بلڈنگ کے قریب بھی ایک نیا مینگرووز پارک قائم کرے گی ۔ وہ یہاں کورنگی کریک میں پاکستان کے پہلے مینگروو بائیو ڈائیورسٹی پارک کا افتتاح کررہے تھے۔ تقریب سے خطاب میں وزیر جنگلات بابل بھایو نے بتایا کہ سجاول، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی یہ کام جاری ہے اور محکمہ جنگلات کراچی کی بلدیاتی حکومت کے ساتھ کھڑا ہے۔میئر کراچی نے کہا کہ یہ پانی کے اوپر تیرنے والا ملک کا پہلا پارک ہے، جس کا قیام محکمہ جنگلات سندھ کے اشتراک سے ہوا، آج میں اپنے بیٹے کو بھی اس تقریب میں ساتھ لایا ہوں، تاکہ وہ بچپن سے ہی مینگرووز اور ماحولیات کی اہمیت سے واقف ہو۔ میئر نے سول سوسائٹی اور کاروباری افراد سے اپیل کی کہ وہ مل کر یہ منصوبہ کام یاب بنائیں۔ انہوں نے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں سب سے زیادہ مینگرووز کے درخت لگانے کا اعزاز حاصل کرنے پر محکمہ جنگلات کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم، ملیر اور کے پی ٹی کو چاہیے کہ وہ بھی اپنی حدود میں اسی طرز کے مینگرووز پارک قائم کریں۔ مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب بھی شہر میں بہتری کے لیے کوئی قدم اٹھایا جاتا ہے تو مختلف طریقوں سے رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید