کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی کے اراکین نے سندھ حکومت کے محکمہ بلدیات کے نوٹیفکیشن پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے ڈی اے میں تحقیقات کے نام پر حکومتی جانبدار کمیٹی کا قیام مسترد کرتے ہیں، کے ڈی اے ایمپلائز یونین کے انتخابات پر بدترین شکست سے دوچار ہونے والی سندھ کی حکمران جماعت پیپلز پارٹی سیاسی بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے، ادارہ ترقیات کراچی میں سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی کے دور میں ہونے والی تقرریوں کی تحقیقات کے نام پر حکومتی جانبدار کمیٹی کا قیام کراچی کے مزدوروں اور بلدیاتی اداروں کے ساتھ بدترین ناانصافی ہے۔ اگر حکومت واقعی شفاف احتساب چاہتی ہے تو اسے پورے سندھ کے میونسپل اداروں اور کارپوریشنز کو اس عمل میں شامل کرنا ہوگا، ورنہ یہ اقدام سراسر جانبداری اور تعصب کے زمرے میں آتا ہے۔ کراچی کے عوام کے حق روزگار اور اداروں کی خودمختاری پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور شہر کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔