کراچی (آئی این پی) شہر قائد میں گرمی پڑے گی یا بارش برسے گی؟ سمندری طوفان نے بحیرہ عرب کی جانب بڑھنا شروع کر دیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خلیجی بنگال میں بننے والا سمندری طوفان بحیرہ عرب کی جانب بڑھ رہا ہے، یہ سسٹم جنوب مشرقی سندھ، زیریں سندھ اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں میں اثر انداز ہوگا۔محکمہ موسمیات کے مطابق نیا سسٹم بھارتی گجرات سے کچھ دور بحیرہ عرب میں داخل ہوگا، اس سسٹم کے باوجود کراچی میں گرمی کی لہر برقرار رہے گی، اور سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔29 سے 30 ستمبر کو تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، سجاول اور سانگھڑ میں ہلکی سے درمیانی بارش کا امکان ہے، جب کہ 30 ستمبر کو کراچی میں شدید گرمی پڑھنے کے بعد دوپہر یا شام کے وقت بادل بنیں گے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی شہر میں درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔