میرپورخاص(نامہ نگار/سلیم آزاد) ڈاکٹر شاہ نوازکنبھر کے ماورائے عدالت قتل کیس میں اہم پیش رفت سابق ایس ایس میرپورخاص کو بھی اشتہاری ملزم قرار دے دیا گیا جبکہ اس سے قبل اشتہاری قرار دیئے گئے سابق ڈی آئی جی سمیت 4ملزمان کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی میرپورخاص کی عدالت میں توہین رسالت کے مقدمہ میں نامزد عمرکوٹ کے رہائشی ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کی19ستمبر2024کو میرپورخاص کے سندھڑی تھانے کی حدود میں مبینہ جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں 23نامزد ملزمان میں سے 12ملزمان جو عبوری ضمانت پر رہا ہیں جن میں پیر عمر جان سرہندی، سابق ایس ایس عمرکوٹ آصف رضا بلوچ، سابق سی آئی اے انچارج عنایت زرداری، سابق ایس ایچ او سندھڑی نیاز احمد کھوسو، سابق ڈی آئی بی انچارج دانش بھٹی، سابق میڈیکل آفیسر سول اسپتال ڈاکٹر منتظر مہدی، کانسٹیبل امان اللہ، پولیس اہلکار معشوق، شاہ محمد، نواب علی، عارف علی، ندیم احمد اور گرفتار سابق سب انسپکٹر سی آئی اے ہدایت اللہ ناریجو، پولیس اہلکار نادر، قادر، فرمان، عطااللہ اور اللہ جڑیو شامل ہیں ۔