کراچی (اسد ابن حسن) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختان کی ہدایت کے بعد تشکیل پانے والے ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن کو نئی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ادارے کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ذاتی طور پر کسی بھی میڈیا پرسن سے گفتگو، ٹی وی ٹاک شو یا اسی خبر کے دوران ساؤنڈ بائٹ اس وقت تک نہیں دے سکتے جب تک وہ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن سے اجازت نہیں لے لیتے۔ ڈائریکٹوریٹ آف پبلک ریلیشن ڈی جی کے چیف اسٹاف افیسر کی نگرانی میں کام کرے گا۔ ڈائریکٹوریٹ میں تعینات اہلکار پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے متعلقہ رپورٹروں اور دیگر متعلقہ نیوز ایڈیٹر اور ایڈیٹروں سے رابطے رکھیں گے اور ادارے کی تشہیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ اہلکار ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی رابطے رکھ کر ادارے کا امیج بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔