کراچی(رفیق مانگٹ)نئی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ امریکی گلوکارایلوس پریسلے اور برطانوی راک بینڈ دی بیٹلز کے مشہور گیتوں کو گانا پھیپھڑوں کی دائمی بیماریوں جیسے کہ کرونک اوبسٹرکٹو پلمونری ڈیزیز (سانس کی نالیوں کی دائمی بیماری) اور انٹرسٹیشل لنگ ڈیزیز (پھیپھڑوں کے ٹشوز کی بیماری) کے مریضوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنا سکتا ہے۔ آسٹریلیا کی موناش یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف کیمبرج کے محققین نے 101 مریضوں پر مشتمل ایک مطالعے میں دریافت کیا کہ آن لائن گروپ سنگنگ تھراپی سے ان بیماریوں کے شکار افراد کی زندگی میں واضح بہتری آئی۔مطالعے میں شامل نصف مریضوں نے 12 ہفتوں تک جاری رہنے والے آن لائن سنگنگ پروگرام میں حصہ لیا، جبکہ باقی نصف کو معمول کے مطابق علاج دیا گیا۔ پروگرام کے دوران شرکاء نے ہر ہفتے 90 منٹ کے سیشنز میں ایلوس پریسلے کا گانا Can’t Help Falling In Love، دی بیٹلز کا Let It Be، اور جنگِ عظیم کے دور کا گانا Pack Up Your Troubles گایا۔ شرکاء نے معیارِ زندگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک سروے میں حصہ لیا۔ نتائج سے پتا چلا کہ سنگنگ گروپ کا معیارِ زندگی کا اسکور اوسطاً 7.4 پوائنٹس زیادہ تھا، جبکہ جنہوں نے 8 یا زائد سیشنز میں شرکت کی، ان کا اسکور 11 پوائنٹس زیادہ رہا۔یہ تحقیق دنیا کی پہلی ایسی سٹڈی ہے جو غیر دوائی پر مبنی علاج کے فوائد کو اجاگر کرتی ہے۔