واشنگٹن (جنگ نیوز)امریکی حکومت شٹ ڈاؤن کے دھانے پر، ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز بجٹ فنڈنگ پر متفق نہ ہو سکے۔وجوہات اور ممکنہ اثرات خطرناک ہونگے۔ ہیلتھ کیئر اور میڈیکیڈ اخراجات تنازع کی بڑی وجہ،ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات منسوخ ، متنازع ویڈیو پوسٹ کرکے ماحول کو مزید کشیدہ کردیا۔ لاکھوں وفاقی ملازمین کی برطرفی کا خطرہ، فوج وسلامتی ادارے کام جاری رکھیں گے، تنخواہیں بعد میں ملیں گی۔امریکا بدھ کے روز حکومت کے شٹ ڈاؤن کے دہانے پر کھڑا ہے کیونکہ ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز وفاقی بجٹ کے لیے ایک قلیل مدتی فنڈنگ بل پر اتفاق رائے قائم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ یہ تنازع بنیادی طور پر ہیلتھ کیئر فنڈنگ پر ہے، جہاں ڈیموکریٹس "اوباماکیئر" اور میڈیکیڈ کے لیے فنڈز کے تحفظ اور ٹیکس کریڈٹس کی توسیع چاہتے ہیں، جبکہ ریپبلکنز ان اخراجات کو محدود کرنے پر زور دے رہے ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کے ساتھ مذاکرات منسوخ کر دیے اور ایک متنازع "ڈیپ فیک" ویڈیو پوسٹ کرکے ماحول کو مزید کشیدہ کردیا۔ اگر شٹ ڈاؤن ہوا تو تقریباً 9 لاکھ وفاقی ملازمین متاثر ہوں گے، جن میں سے زیادہ تر کو نوکریوں سے مستقل فارغ کیے جانے کا خطرہ ہے، جو پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔