واشنگٹن (اے ایف پی) گیمنگ انڈسٹری میں بڑا قدم،سعودی کنسورشیم 55ارب ڈالر میں EA خریدےگا،سعودی عرب کی معیشت کو تیل پر انحصار سے ہٹانے کے لیے گیمنگ سیکٹر میں بڑی سرمایہ کاری، الیکٹرانک آرٹس کا کہنا ہے کہ یہ تاریخ کی سب سے بڑی آل کیش پرائیویٹ ایکویٹی بائی آؤٹ ڈیل ہوگی۔ سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ(PIF)کی سربراہی، امریکی انویسٹمنٹ فرمز بھی شامل ہیں،معاہدہ 2026کے آغاز میں مکمل ہوگا،تاہم اس کے لیے شیئر ہولڈرز اور ریگولیٹری اتھارٹیز کی منظوری ضروری ہے۔ ویڈیو گیمز بنانے والی بڑی کمپنی الیکٹرانک آرٹس (EA) نے پیر کو اعلان کیا کہ اسے سعودی عرب کے پبلک انویسٹمنٹ فنڈ (PIF) کی سربراہی میں قائم کنسورشیم 55ارب ڈالر میں خرید رہا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ تاریخ کی سب سے بڑی آل کیش پرائیویٹ ایکویٹی بائی آؤٹ ڈیل ہوگی۔اس کنسورشیم میں امریکی انویسٹمنٹ فرمز سلور لیک اور ایفینیٹی پارٹنرزبھی شامل ہیںجسے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنرنے قائم کیا تھا۔ای اے کے چیئرمین اور سی ای او اینڈریو ولسن نے اپنے ملازمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ ان کے شاندار کام کا زبردست اعتراف ہےاور اس ڈیل سے عالمی سطح پر نئی مواقع سامنے آئیں گے۔ای اے، جس کی مشہور فرنچائزز میں فیفا ساکر گیمز، میڈن این ایف ایل، دی سمز اور بیٹل فیلڈ شامل ہیں نے اپنے حالیہ مالی سال میں 7.5 ارب ڈالر کی آمدنی ظاہر کی تھی۔