ریاض (شاہدنعیم) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو ریاض میں سعودی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کی، جس کے دوران کابینہ کے اراکین نے غزہ میں تنازع کے خاتمے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے کا خیرمقدم کیا۔ کابینہ نے ان ممالک کی تعداد میں اضافے کو سعودی عرب کی کامیابی قرار دیا جنہوں نے ریاست فلسطین کو تسلیم کیا ہے۔ سعودی کابینہ نے مغربی کنارے کے کسی بھی حصے کو اسرائیل میں شامل کرنے کی مخالفت کا اعادہ کیا اور امریکہ کے ساتھ تعاون پر آمادگی ظاہر کی تاکہ ایک جامع معاہدہ پر پہنچا جاسکے، اسرائیل کے غزہ سے مکمل انخلاء کو عملی جامہ پہنایا جا سکے، اور مشرقی یروشلم کو فلسطینی دارالحکومت بنانے کے ساتھ دو ریاستی حل کو فروغ دیا جا سکے،کابینہ کے اراکین نے پاکستانی وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے دورے کو اجاگر کیا، جس کے دوران دفاعی تعاون بڑھانے اور علاقائی سلامتی کی حمایت کے لئے ایک مشترکہ اسٹریٹجک دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔کہا کہ کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں سعودی عرب کی فعال شرکت کو سراہا، جو مملکت کی عالمی حیثیت اور امن، انصاف اور مکالمے کے لئے اس کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔