یومِ کپور کے موقع پر مانچسٹر کے علاقے ہیٹن پارک ہیبرو کونگریگیشن سینیگاگ کے باہر ہونے والے خنجر حملے پر برطانیہ کے معروف مسلم رہنما امام قاری عاصم نے شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مکمل طور پر ناقابلِ قبول اور گھِناؤنا واقعہ قرار دیا ہے۔
خنجر کے حملے میں 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
اپنے بیان میں امام قاری عاصم نے کہا ہے کہ میری دعائیں متاثرین، ان کے اہلِ خانہ اور برطانوی یہودی برادری کے ساتھ ہیں، عبادت گاہیں ہمیشہ امن اور سلامتی کی جگہ ہونی چاہئیں، نہ کہ خوف و نفرت کا منظر۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مذہبی منافرت کا بڑھتا ہوا رجحان تشویش ناک ہے، چاہے وہ اسلاموفوبیا ہو یا یہود مخالف جذبات۔
قاری عاصم نے تمام کمیونٹیز سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑی ہوں اور خاص طور پر عبادت گاہوں کے ارد گرد ہوشیار رہتے ہوئے یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔
واضح رہے کہ امام قاری عاصم برٹش مسلم نیٹ ورک کے شریک چیئرمین، ’ہوپ ناٹ ہیٹ‘ کے ٹرسٹی اور لیڈز کی مکہ مسجد کے امام ہیں۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ مانچسٹر کے علاقے کرمسل میں یہودی عبادت گاہ ہیٹن پارک ہیبرو کانگریگیشن پر آج صبح ایک ہولناک حملے کی صورت میں ررونما ہوا، جس میں ایک شخص نے پہلے گاڑی عوام کی طرف دوڑائی اور بعدازاں چاقو سے حملہ کر کے متعدد افراد کو زخمی کر دیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہو گئے۔