کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن کی خصوصی دعوت پر معروف نیوکلیئر طبیعیات دان ، ماہر تعلیم ، مصنف اور قائداعظم یونیورسٹی کے سابق پروفیسر ڈاکٹر پرویز ہود بھائی نے تربت یونیورسٹی کا دورہ کیا اور فیکلٹی ممبران و طلبا کے ساتھ انٹرایکٹو سیشن سے خطاب کیا ۔ ڈاکٹر ہود بھائی نے کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم ، اعلیٰ تحقیق اور جدت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ محنت اور لگن سے تعلیم حاصل کریں تاکہ ملک اور اپنے صوبے کی ترقی ، خوشحالی میں موثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو صرف ملازمت کے حصول کا ذریعہ نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ یہ انسانی ذہانت، تجسس اور تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کا وسیلہ ہے ۔ انہوں نے انٹرنیٹ ، مصنوعی ذہانت ، ہسٹرو فزکس، انسانی تخلیقی صلاحیت، عقل و شعور اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے موضوعات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلنے کے لیے ہمیں سخت محنت کرنا ہوگی ۔ انہوں نےسیشن میں طلبا اور اساتذہ کے سوالات کے جوابات بھی دیئے سیشن کے اختتام پر یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر حنیف الرحمٰن نے وائس چانسلر کی جانب سے ڈاکٹر پرویز ہود بھائی کو یادگاری شیلڈ پیش کی ۔