حماس، اسرائیل اور امریکی وفود کل شرم الشیخ میں مذاکرات کریں گے، قاہرہ سے ملنے والی اطلاع کے مطابق مذاکرات کا محور صدر ٹرمپ کا 20 نکاتی امن منصوبہ ہو گا۔
اس حوالے سے امریکی صدر ٹرمپ نے کہا ہے اسرائیل ابتدائی انخلاء لائن پر متفق ہو گیا ہے، حماس کے اتفاق پر جنگ بندی فوری طور پر مؤثر ہو سکتی ہے۔
ٹرمپ نے کہا معاہدے میں ہمیں زیادہ لچک کی ضرورت نہیں کیونکہ سب ہی متفق ہیں، کچھ تبدیلیاں تو ہمیشہ ممکن رہتی ہیں۔
امریکی صدر کے مطابق یہ منصوبہ بہت زبردست ہے، ہم امن حاصل کرنے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 ہزار سال میں پہلی بار مشرقِ وسطیٰ کے ایسے عمل کا حصہ بننے پر بہت فخر محسوس کرتا ہوں، وہ برسوں سے ایک منصوبے کے لیے لڑتے رہے ہیں۔
امریکی صدر نے کہا کہ اب مذاکرات ہو رہے ہیں، یرغمالیوں کی فوری واپسی ہو جائے گی، لوگ اس پیش رفت سے بہت خوش ہیں۔