تہران ( جنگ نیوز ) ایران نے کہا ہے کہ دنیا کو نسل کشی کے مجرمان کو رعایت دینے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان دیتے ہوئے اس خبر پر تبصرہ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم نے صمود فلوٹیلا کی روانگی سے پہلے ہی تیونس میں اس پر ڈرون حملے کا حکم دے دیا تھا۔اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ ایک اور ثبوت ہے کہ اسرائیلی حکومت دوسرے ممالک کی خود مختاری کی کوئی پرواہ نہیں کرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کو ایسے وحشیانہ اور غیر قانونی جرم کرنے والے مجرمان کو کٹہرے میں لانا چاہیے۔