کراچی (اسٹاف رپورٹر) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں آپریشن کے لیے آنے والے مریضوں کو دو دو سال بعد کی تاریخیں دیے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس نے علاج کے منتظر مریضوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، ایک مریض جسے سال 2027 کی آپریشن تاریخ دی گئی نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں بتایا کہ وہ شدید تکلیف میں مبتلا ہے، مگر اسپتال انتظامیہ نے دو سال بعد کی تاریخ دے کر مایوس کر دیا ، مریض نے حکومت اور محکمہ صحت سے فوری آپریشن کرانے کی اپیل کی، ترجمان جناح اسپتال کے مطابق، آپریشن کی طویل تاریخیں دینے کی بنیادی وجہ مریضوں کی بے پناہ تعداد اور ماہر ڈاکٹروں کی کمی ہے، ان کا کہنا تھا کہ اسپتال انتظامیہ حالات کو بہتر بنانے کے لیے اضافی وسائل اور عملے کی فراہمی کے لیے محکمہ صحت سے رابطے میں ہے۔