کراچی (اسٹاف رپورٹر) آسٹریلوی ٹیسٹ کپتان پیٹ کمنز اور ٹریوس ہیڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑ کر لیگز کھیلنے کیلئے 10 ملین ڈالر (تقریباً 58 کروڑ بھارتی روپے) سالانہ کی پیشکش ٹھکرادی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک آئی پی ایل فرنچائز نے انہیں انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کیلئے بڑی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے آسٹریلیا کیلئے کھیلنا جنون قرار دیا ، اسی طرح کی آفر انگلینڈ اسپیڈ اسٹار جوفرا آرچر بھی مسترد کرچکے ہیں۔ پیٹ کمنز اور ٹرویس ہیڈ نے آئی پی ایل ٹیم سن رائزرز حیدرآباد سے بالترتیت 18 اور 14 کروڑ روپے مالیت کے معاہدے کررکھے ہیں۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، اس بات کا انکشاف کرکٹ آسٹریلیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بیگ بیش لیگ کی پرائیوٹائزیشن سے متعلق اجلاس میں ہوا۔