کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے بدھ کو دو حصوں میں لاہور پہنچ گئی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیریز کیلئے سابق ٹیسٹ اوپنر عمران فرحت کو بیٹنگ کوچ اور ٹیسٹ اسپنر عبدالرحمن کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا ہے۔ بدھ کو ٹیم مینجمنٹ کا اعلان کردیا گیا۔ اظہر محمود ہیڈ کوچ، نوید اکرم چیمہ ٹیم منیجر، عبد المجید فیلڈنگ کوچ، کلف ڈکن فزیو تھراپسٹ ، طلحہ بٹ پرفارمنس انالسٹ، گرانٹ لوڈن اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ، سید نعیم گیلانی میڈیا منیجر، ارتضی کومل سیکیورٹی آفیسر، ڈاکٹر واجد علی رفاعی ٹیم ڈاکٹر اور محمد احسان مساجرہوں گے۔ پہلا ٹیسٹ 12 اکتوبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ کیلئے پچ کی تیاری آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے ۔ ہوم ایڈوانٹیج لیتے ہوئے انگلینڈ کے خلاف سیریز کی طرز پر اسپن پچز کی تیاری جارہی ہے۔