کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شکست کے بھنور میں پھنسی رہی، بدترین کارکردگی کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ اچھے آغاز کے باوجود عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے ہاتھوں107 رنز کے بڑے مارجن سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ گرین شرٹس کو مسلسل تیسری شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ اس سے قبل پاکستان کو بنگلہ دیش اور بھارت نے شکست دی تھی۔ پاکستان نے76رنز پر آسٹریلیا کی سات وکٹیں حاصل کرلیں پھر فاطمہ ثنا نے آسان رن آئوٹ مس کردیا۔ بیتھ مونی نے114گیندوں پر109رنز بناکر آسٹریلیا کو مشکلات سے نکالا۔222 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہ ہوسکا۔ نویں اوور میں31رنز پر پانچ وکٹ گر گئے۔ میچ کی خاص بات بیتھ مونی کی سنچری اور ایلانا کنگ کے ساتھ 109 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ تھی۔ بیتھ مونی پلیئر آف دی میچ قرار پائیں۔ بدھ کو پریما داسا اسٹیڈیم میں فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کرآسٹریلیا کو بیٹنگ دی جس نے 9 وکٹوں پر 221 رنز بنائے۔ ناکام ٹیم 37 ویں اوور میں 114 پر ڈھیر ہوگئی ۔ آسٹریلیا کی اننگز میں 30 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کے بعد پاکستانی بولرز کی گرفت مضبوط ہوتی چلی گئی تھی اور انہوں نے 76 رنز پر 7 وکٹیں حاصل کرلی تھیں لیکن بیتھ مونی کی سنچری نے صورتحال بدل دی۔ انہوں نے11 چوکوں کی مدد سے109 رنز ا سکور کیے جو ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پانچویں سنچری ہے۔ انہوں نے کنگ کے ساتھ نویں وکٹ کی شراکت میں 106 رنز کا اضافہ کیا جو ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں اس وکٹ کی ریکارڈ پارٹنرشپ ہے۔ کنگ تین چھکوں اور تین چوکوں کی مدد سے51 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔ لیفٹ آرم اسپنر نشرہ سندھو نے 37 رنز دے کر 3، آف اسپنر رامین شمیم نے 29 اور فاطمہ ثنا نے 49 رنز دے کر دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کی اننگز میں سدرہ امین 35 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں۔ رامین شمیم 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔ منیبہ علی3، صدف شمس5 ، سدرہ نواز5، نتالیہ پرویز ایک، ایمان فاطمہ صفر اور کپتان فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو گیارہ گیارہ رنز بناسکیں۔ کم گارتھ نے 14 رنز دے کر 3 جبکہ میگن شوٹ اور انابیل سدر لینڈ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان ٹیم اپنا چوتھا میچ 15 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔