کراچی (اسد ابن حسن) دنیا میں ایک ایسی فلائٹ بھی پرواز کرتی ہے جس کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ دنیا کی مختصر ترین مدت کی فلائٹ ہے۔ اس فلائٹ کا دورانیہ صرف ایک منٹ ہے۔ جہاز کے مسافر ابھی سیٹ بیلٹس باندھ ہی رہے ہوتے ہیں کہ جہاز کی لینڈنگ شروع ہو جاتی ہے۔ یہ فلائٹ اسکاٹ لینڈ کے دو جزیروں کے درمیان پرواز کرتی ہے۔ ان جزیروں کا نام ویسٹرے اور پاپا ویسٹرے ہے اور دونوں جزیروں کے درمیان فاصلہ تقریباً تین کلومیٹر کا ہے۔ اس فلائٹ میں طالب علم، کاروباری افراد اور مریض ایک جزیرے سے دوسرے جزیرے کے لیے سفر کرتے ہیں۔ دشوار گزار آبی گزرگاہوں کی وجہ سے بوٹ سروس بھی شروع نہیں کی جا سکتی جبکہ دونوں جزیروں کے درمیان برج بنانے پر خطیر اخراجات کی وجہ سے تعمیر نہیں ہو سکی۔