اسلام آباد ( طاہر خلیل/نیوزرپورٹر )سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع اورکزئی میں خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائی کے دوران بھارتی حمایت یافتہ 19 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم شدیدفائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق‘ میجر طیب راحت اورنائب صوبیدار اعظم گل سمیت11جوان شہید ہوگئے ۔شہداءکی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں شہباز شریف‘ فیلڈ مارشل سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔وزیراعظم شہباز شریف نے19 دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے جوانوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہےجبکہ صدرمملکت نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر لازوال مثال قائم کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہندوستانی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خارجیوں کی موجودگی کی اطلاع پر 7 اور 8 اکتوبر 2025ء کی درمیانی شب سکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا، آپریشن کے دوران فوجیوں کی مؤثر کارروائی کی وجہ سے 19 بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو جہنم واصل کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع راولپنڈی کے رہائشی 39 سالہ لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور ان کے سیکنڈ ان کمانڈ ضلع راولپنڈی کے رہائشی 33 سالہ میجر طیب راحت بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے، جھڑپ میں دیگر 9 جوان بھی شہید ہوگئے۔شہادت پانے والے 9 بہادر سپاہیوں میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل عامر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائک تالش فراز،لانس نائک ارشد حسین، سپاہی طفیل خان،سپاہی عاقِب علی اور سپاہی محمد زاہد شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی باقی بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیننگ آپریشن جاری ہے، اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی حمایتی دہشت گردی کے ناسور کو مٹانے کے عزم پر قائم ہیں۔