• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سہیل آفریدی سخت گیر اور اینٹی سٹیبلشمنٹ بیانیہ رکھتے ہیں

پشاور(ارشد عزیز ملک)خیبرپختونخوا کے نامزد وزیراعلی محمد سہیل آفریدی کو صوبے کے سب سے کم عمر ترین وزیراعلی کا اعزاز حاصل ہوگا ،ان کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور وہ 12 جولائی 1989 کو پیدا ہوئے، معاشیات میں گریجویشن کیا، زمانہ طالب علمی میں تحریک انصاف سے منسلک ہوئے، 2024کے الیکشن میں پی کے 70سے ایم پی اے منتخب ہوئے، 9مئی کے بعد متحرک کارکن کے طور پر خود کو منوایا، مراد سعید کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں، سہیل آفریدی سخت گیر اور اینٹی سٹیبلشمنٹ بیانہ رکھتے ہیں اور اسمبلی میں اپنی دھواں دار تقاریر میں وفاق اور اسٹیلشمنٹ کو انتہائی سخت الفاظ میں نشانہ بناتے ہیں -سہیل آفریدی عمران خان کے انتہائی قریب اور علی امین گروپ کا حصہ تصور کئے جاتے ہیں ۔خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلی اور نوجوان رہنما سہیل آفریدی کا تعلق خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ سے ہے، سہیل آفریدی زمانہ طالب علمی سے ہی تحریک انصاف کیساتھ سیاسی طور پر منسلک رہے ہیں،سال 2015 میں انہوں نے پشاور یونیورسٹی میں انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف) کے کیمپس صدر کے طور پر خدمات انجام دیں، دو سال بعد وہ آئی ایس ایف کے پشاور ریجن کے صدر اور بعد ازاں خیبر پختونخوا کے صدر کے عہدے پر فائز رہے،بعد ازاں سہیل آفریدی کو انصاف یوتھ وِنگ خیبر پختونخوا کا صوبائی صدر مقرر کیا گیا، انہوں نے انتخابی سیاست میں قدم 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں رکھا، جہاں انہوں نے پی کے-70 (خیبر-2) کے صوبائی حلقے سے الیکشن لڑا اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی،اسمبلی میں پہنچنے کے بعد وزیرِاعلیٰ علی امین گنڈاپور نے انہیں کابینہ میں شامل کرتے ہوئے معاونِ خصوصی برائے سی اینڈ ڈبلیو (کمیونی کیشن اینڈ ورکس) مقرر کیا۔
اہم خبریں سے مزید