• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج، واپڈا کی اپنی سیکورٹی فورس کا قیام زیر غور آئیگا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ ) وفاقی کابینہ کا اجلاس آج (جمعرات) وزیرِاعظم شہباز شریف کی صدارت میں ہو رہا ہے، جس کا ایجنڈا سلامتی، فضائی اثاثوں، قانون سازی اور توانائی کے شعبے سے متعلق کئی اہم فیصلے زیر غور آئیں گے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، کابینہ واپڈا کے لیے ایک خصوصی سیکیورٹی فورس کے قیام کے قانون سازی کے عمل کی منظوری دینے کا امکان ہے۔ یہ فورس ملک بھر میں اہم ہائیڈرو پاور اور آبی منصوبوں کے مقامات پر تعینات کی جائے گی تاکہ ان کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ کابینہ محکمہ تحفظِ نباتات کے زیر ملکیت طیاروں کی فروخت کی منظوری کی تجویز بھی دیکھے گی۔ یہ محکمہ وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے تحت کام کرتا ہے۔ اس کے علاوہ، کابینہ ریلوے (ترمیمی) آرڈیننس 2025 کی منتقلی کی منظوری دے گی اور مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلوں کی توثیق کرے گی، جن میں اوورسیز ایمپلائمنٹ و ٹیکنیکل وکیشنل ٹریننگ کمیٹی، اقتصادی رابطہ کمیٹی ، اور کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی شامل ہیں۔ ایجنڈے کے مطابق، توانائی کے شعبے سے متعلقہ حکام کابینہ کو پاور سیکٹر اصلاحات پر پیش رفت کے بارے میں بریفنگ بھی دیں گے۔ اہم پیش رفت کے طور پر، اجلاس میں مرکزی پاور پرچیزنگ ایجنسیکی جانب سے 18 کمرشل بینکوں سے 1,225 ارب روپے کے اسلامی مالیاتی اصولوں پر مبنی فنانسنگ معاہدے پر بھی بریفنگ دی جائے گی۔ یہ معاہدہ توانائی کے شعبے میں درکار نقد رقم کی فراہمی کے لیے ہے تاکہ حکومت کی وقتی بیل آؤٹس کے بجائے ایک مارکیٹ پر مبنی ادائیگی کا نظام قائم کیا جا سکے۔ یہ پورا قرض جو 3.23 روپے فی یونٹ بجلی کے بلوں میں پہلے ہی شامل ہے ڈیبٹ سرچارج کے ذریعے ادا کیا جائے گا۔ قرض کی واپسی 2029 سے 2031 کے درمیان مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اہم خبریں سے مزید