• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جناح اسپتال میں غریب مریضوں کے لئے ٹیسٹ فیسز ختم کرنے کی درخواست

کراچی (بابر علی اعوان)جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کراچی کی انتظامیہ نے محکمہ صحت سندھ سے اپیل کی ہے کہ اسپتال میں آنے والے غریب اور کم آمدنی والے مریضوں سے مختلف ریڈیالوجی ٹیسٹوں کی فیسز ختم کی جائیں تاکہ انہیں علاج میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔یہ سفارش جے پی ایم سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر شاہد رسول کی جانب سے سیکریٹری صحت ریحان اقبال بلوچ کو ارسال کردہ مراسلے میں کی گئی ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں غریب اور کم تنخواہ والے افراد علاج کے لیے آتے ہیں، لیکن ریڈیالوجی ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے بعض ٹیسٹوں کے چارجز وصول کیے جا رہے ہیں، جن کی منظوری محکمہ خزانہ نے دی تھی اور وصول شدہ رقم خزانے میں جمع کی جاتی ہے۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ غریب اور ضرورت مند مریضوں کے وسیع تر مفاد میں ان ٹیسٹوں کی فیسز معاف کی جائیں تاکہ انہیں مالی بوجھ سے بچایا جا سکے اور علاج کی سہولت بلا رکاوٹ فراہم ہو۔پروفیسر شاہد رسول نے اس بات پر زور دیا کہ اسپتال کا بنیادی مقصد عوام، بالخصوص نادار طبقات کو صحت کی مفت اور معیاری سہولتیں فراہم کرنا ہے، اور یہ اقدام اس وژن کو مزید مضبوط کرے گا۔
اہم خبریں سے مزید