اسلام آباد (رپورٹ حنیف خالد) اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو فاضل جج صاحبان نے یہ ہدایت کی ہے کہ جموں و کشمیر ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری بدرالدین ستار نیب انکوائری میں مکمل تعاون کریں۔ یہ ہدایت چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور مسٹر جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بدھ کے روز سماعت کے دوران جاری کی۔ عدالت میں بدرالدین ستار نے نیب انکوائری کے خلاف درخواست دائر کی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ نیب کی انکوائری غیرقانونی ہے، تاہم عدالت نے درخواست کو مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ انکوائری ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے اور اس میں مداخلت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ عدالت نے سیکرٹری کو نیب کی انکوائری میں تعاون کرنے کی ہدایت دی۔ نیب کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ ابتدائی انکوائری کے مرحلے میں کسی قسم کی فردِ جرم یا گرفتاری شامل نہیں، بلکہ صرف معلومات جمع کی جا رہی ہیں۔ عدالت نے نیب کو ہدایت دی کہ انکوائری قانون کے مطابق مکمل کی جائے۔