• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب؛ MAK ڈھیڈی وینچرز کے مالک اشرف کریم کا 11 روزہ ریمانڈ

اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) قومی احتساب بیورو (نیب) اسلام آباد/راولپنڈی نے فورچون ایمپائر اور فورچون ریزیڈنسی ہاؤسنگ فراڈ کیس میں معروف بزنس مین خاندان سے تعلق رکھنے والے اشرف کریم ڈھیڈی، مالک ایم اے کے ڈھیڈی وینچرز پرائیویٹ لمیٹڈ، کو منی لانڈرنگ اور عوام سے اربوں روپے کے فراڈ کے الزامات میں گرفتار کر لیا۔ نیب نے گرفتار ملزم کو انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 (AMLA) کے تحت احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش کیا، جہاں عدالت نے 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے مزید تفتیش کے لیے ملزم کو نیب کے حوالے کر دیا۔دریں اثنا جب اشرف کریم ڈھیڈی کے قریبی ذرائع سے نیب کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ یہ سب بالکل غلط ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا کہ جلد ہی ثابت ہو جائے گا کہ یہ محض الزامات ہیں , نیب کی جانب سے عدالت میں پیش کیے گئے تفتیشی افسر نے مؤقف اختیار کیا کہ اشرف کریم ڈھیڈی نے سیکٹر E-11 اسلام آباد میں فورچون ایمپائر اور فورچون ریزیڈنسی کے نام پر جعلی منصوبوں کے ذریعے ہزاروں شہریوں سے اربوں روپے اکٹھے کیے، لیکن منصوبے مکمل نہیں کیے اور متاثرین کو رقم واپس نہیں کی۔ ان غیر قانونی رقوم کو منی لانڈرنگ کے ذریعے مختلف بے نامی اکاؤنٹس میں منتقل کر کے قیمتی جائیدادوں میں لگایا گیا۔ ان میں اسلام آباد کے سیکٹر F-6/4 میں اپنی اہلیہ کے نام پر 70 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی کوٹھی بھی شامل ہے، جب کہ کمپنی کے اکاؤنٹس سے بھاری رقوم اہلیہ کے بینک اکاؤنٹس میں منتقل کی گئیں۔ نیب نے عدالت کو بتایا کہ مزید تفتیش کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ درکار ہے تاکہ منی ٹریل، بے نامی اثاثوں، شریک ملزمان، اور بینک ٹرانزیکشنز کا مکمل ریکارڈ حاصل کیا جا سکے۔ عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے کے بعد 11 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب کو ہدایت دی کہ ملزم کے ساتھ انسانی حقوق کے مطابق سلوک کیا جائے اور دورانِ ریمانڈ تفتیش کی شفافیت یقینی بنائی جائے۔ نیب کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ انسدادِ منی لانڈرنگ ایکٹ 2010 کی دفعات 3 اور 4 اور نیب آرڈیننس 1999 کی دفعات 9(a) اور 18 کے تحت درج ہے۔ عدالت نے نیب کو ہدایت دی کہ دورانِ تفتیش بینک اکاؤنٹس، پراپرٹی ریکارڈ، جعلی سیل ڈیڈز، اور شریک ملزمان سے روابط کی تفصیلات حاصل کر کے اگلی سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے۔ نیب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ادارہ فورچون ایمپائر اور فورچون ریزیڈنسی کے متاثرین کو رقوم کی واپسی اور منی لانڈرنگ سے حاصل جائیدادوں کی ضبطی کے لیے تمام قانونی اقدامات کر رہا ہے، اور مکمل ریفرنس جلد از جلد احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا تاکہ مجرموں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جا سکے۔
اہم خبریں سے مزید