لاہور (جنرل رپورٹر ) پاکستان میں آنکھوں کی صحت کے فروغ کے لیے نئی عالمی تحقیق نے ایک اہم موقع کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف 148 ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کے نتیجے میں پاکستان 5 سال تک تقریباً 709 ملین امریکی ڈالر کے معاشی فوائد حاصل کر سکتا ہے۔" انٹرنیشنل ایجنسی برائے تدارک نابینا پن ، فریڈ ہولو فاؤنڈیشن اور سیوا فاؤنڈیشن" کی جانب سے جاری کردہ ویلیو آف وژن رپورٹ یہ ثابت کرتی ہے کہ آنکھوں کی صحت میں سرمایہ کاری پاکستان کے لیے ایک بہترین فیصلہ ہے۔فریڈ ہولو فاؤنڈیشن پاکستان کے کنٹری مینیجر فاروق اعوان نے کہا اسکولوں میں آنکھوں کے ٹیسٹ اور نظر کی کمزوری کی فوری تشخیص کے بعد عینک کی فراہمی سے قابلِ اجتناب نابینائی کے خاتمے میں مدد ملے گی۔148 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاشی فوائد درج ذیل ہیں، 282 ملین ڈالر: بہتر پیشہ ورانہ کارکردگی سے، 215 ملین ڈالر: روزگار کے مواقع میں اضافہ ، 32,313 اضافی تعلیمی سال، 143 ملین ڈالر، نگہداشت پر اخراجات میں کمی مزید یہ کہ رپورٹ چھ ترجیحی شعبے اجاگر کرتی ہے جیسے کمیونٹی اسکریننگ کے ذریعے جلد تشخیص، فوری طور پر عینک کی فراہمی، آنکھوں کی صحت کے عملے کی تربیت و ترقی، آنکھوں کی سرجری کی صلاحیت میں اضافہ، رسائی میں حائل رکاوٹوں (سفر، اخراجات اور سماجی داغ) کا خاتمہ، موتیا کی سرجری کے معیار میں بہتری. فاروق اعوان نے مزید کہا کہ 90 فیصد سے زائد نظر کا نقصان قابلِ علاج یا قابلِ بچاؤ ہے۔