اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،نیوز رپورٹر)ڈیرہ اسماعیل خان میں 10اور 11اکتوبر کی درمیانی شب پولیس ٹریننگ اسکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے حملے میں 6 پولیس اہلکار اور امام مسجد شہید ہو گیا شہید اہلکاروں میں زیر تربیت جوان بھی شامل ہیں جبکہ آپریشن کے دوران 5 دہشتگردوں کو بھی جہنم واصل کیا گیا ۔ ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے،صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعطم شہباز شریف نے نے ڈیرہ پولیس ٹریننگ سینٹر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی،انھوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی ایسی بزدلانہ کاروائیاں دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں ،ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں،انھوں نے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت کوپیش کیا کہ جنھوں نے مادر وطن کے تحفظ کیلئے عظیم مثال قائم کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دہشتگردوں نے اسکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم ڈیوٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 6 بہادر پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہید پولیس اہلکاروں میں تربیت پانے والے جوان بھی شامل تھے، دہشتگردوں کے حملے میں 12 پولیس اہلکار اور ایک بے گناہ شہری زخمی بھی ہوا۔