• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب میں ٹیکس فری خصوصی سعودی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہوگی

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں ٹیکس فری خصوصی سعودی انڈسٹریل اسٹیٹ قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ پنجاب پاکستان کی معاشی ترقی کا حب ہے، سعودی سرمایہ کاری سے ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدہ حرمین و شریفین کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ وزیراعلی ٰ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا تاریخی دفاعی معاہدہ امن کی شاندار دلیل ہے۔حرمین وشریفین کے تحفظ کو حکمت عملی نہیں لازوال اعزاز اور فریضہ سمجھتے ہیں۔گزشتہ روز وزیر اعلیٰ سے سعودی پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے وفد نے ملاقات کی جس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا-پاک سعودی بزنس فورم کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد بن سعد آل سعود نے وفد کی سربراہی کی- سعودی وفد کو حکومت پنجاب کے نمایاں اقدامات اور پراجیکٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی-وزیراعلی مریم نوازشریف نے سعودی وفد کا عربی زبان میں خیرمقدم کیا-سعودی وفد نے پنجاب میں عوامی فلاح و بہبود کے پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا-وزیراعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع سے بھی آگاہ کیا-انہوں نے سعودی وفد کے بینکنگ، لائیوسٹاک، میٹ ایکسپورٹ اور کیمیکل سیکٹر کے نمائندوں سے ملاقات کے پروگرام پر اظہار مسرت کیا۔

اہم خبریں سے مزید