اسلام آباد ( نیو زرپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دنیا میں سامراجی نظام مسلط ہیں، فلسطین، کشمیر سمیت کئی خطوں میں مسلمانوں اور دیگر مظلوم قوموں پر ظلم و جبر جاری ہے، سامراج سے نجات کیلئے اقامت دین کی تحریکوں کو جامع اور مربوط حکمت عملی سے آگے بڑھنا ہوگا،مدرسین، علما اکرام فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر مشترکات پر امت کو اکٹھا کریں ، حماس نے اسرائیل سمیت دنیا بھرکی طاقتوں کو مذاکرات پر مجبور کیا اور اپنی شرائط پر ٹرمپ معاہدہ پر پیش قدمی کی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں دینی مدارس کے اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر عطا الرحمن، سیکرٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی، ناظم شعبہ تربیت حافظ سیف اللہ اور ناصر بلال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے اہل فلسطین و حماس کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ حماس نے صہیونی جارحیت کے مقابلہ میں عملی جدوجہد اور مزاحمت کے بعد سفارتی محاذ پر جس حکمت عملی اور بصیرت کا مظاہرہ کیا وہ اپنی مثال آپ ہے، اہل غزہ نے ثابت کیا کہ وہ عظیم قوم ہیں ۔