• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے 13 وزراء و معاونین کا انوارالحق حکومت سے علیحدگی کا مطالبہ

اسلام آباد ( افضل بٹ)پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے 13فلیگ ہولڈرز نے بھی انوار الحق حکومت سے علیحدگی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق زرداری ہاؤس کراچی میں محترمہ فریال تالپور کی زیر صدارت پیپلز پارٹی پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں تین نکات پر رائے شماری کی گئی، ان میں پہلا نکتہ یہ تھا کہ پیپلز پارٹی کو موجودہ وزیر اعظم چودھری انوارالحق کی حکومت کا حصہ رہنا چاہئے یا نہیں ؟ کیا ہمیں اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنا چاہئے ؟ جنکی تیسرا نکتہ یہ تھا کہ پیپلز پارٹی کو اپنی حکومت بنانا چاہئے یا نہیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیٹ اپ میں شامل وزیروں مشیروں اور سپیکر سمیت 13 فلیگ ہولڈر ز سمیت 17 ارکان اسمبلی نے الگ الگ رائے کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ ہمیں فوری طور پر موجودہ وزیر اعظم چودھری انوار حکومت سے علیحدگی اختیار کرنی چاہئے بصورت دیگر آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں ہمیں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق فریال تالپور نے اپنی رپورٹ میں آصف زرداری کو لکھا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کی متفقہ رائے ہے کہ ہمیں موجودہ حکومت کو بہر صورت خیر باد کہتے ہوے پہلی ترجیح کے طور پر اپنی حکومت بنانے کی کوشش کرنی چاہئے جبکہ پارلیمانی پارٹی اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کے نکتہ پر متفق نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اس رپورٹ کی روشنی میں مسلم لیگ ن کی قیادت سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گی۔

اہم خبریں سے مزید