کراچی (ٹی وی رپورٹ) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے نہیں ہیں علی امین اس وقت تک وزیراعلیٰ ہیں جب تک ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا ۔ سینئر صحافی عرفان خان نے کہا کہ سہیل آفریدی کا انتخاب مراد سعید کے کہنے پر کیا گیا ،سینئر صحافی اور تجزیہ کار اعزاز سید کا کہنا تھا کہ جو بھی کے پی سے جاکر خان صاحب سے ملاقات کرتا تھا اس کے پاس علی امین گنڈا پور کے خلاف شکایتوں کی ایک طویل لسٹ ہوتی تھی،سینئر صحافی فرزانہ علی نے کہاکہ سہیل آفریدی مراد سعید گروپ کے ہیں اینٹی اسٹیبملشمنٹ شخصیت ہیں او ران کی محبت خان صاحب سے بہت زیادہ ہے۔گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ مجھے گورنر ہاؤس میں موصول ہوا ہے جس کی آفیشل رسید دیدی گئی ہے جبکہ اس پر میں نے ایک آفیشل ٹوئٹ بھی کردیا ہے کہ استعفیٰ مجھے موصول ہوگیا ہے تاہم اب اس کے آئینی تقاضے دیکھتے ہوئے میری ٹیم جب مجھے یہ استعفیٰ پٹ اپ کرے گی تو جو بھی آئین کے مطابق کام ہوگا ہم اسی طرح کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ استعفیٰ ان کو ہفتہ کی دوپہر ڈھائی بجے ملا ہے تاہم اب اس حوالے سے آئینی طور پر جو بھی فیصلہ ہوگا وہ پیر کے روز ہوگا اس وقت میں ڈی آئی خان جارہا ہوں وہاں جو واقعہ پیش آیا ہے اس کے پیش نظر میں وہاں جارہا ہوں ۔ انہوں نے کہا صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے نہیں ہیں علی امین اس وقت تک وزیراعلیٰ ہیں جب تک ان کا استعفیٰ منظور نہیں ہوتا ۔