• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ساحلی سیاحت سے سالانہ آمدن 30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، جنید انوار چوہدری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے عالمی یوم مہاجر پرندوں کے موقع پر اپنے پیغام میںایس ڈی پی آئی اور بینک آف پنجاب کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئےکہا ہے کہ ساحلی سیاحت سے سالانہ آمدن30 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی ،جو مجموعی قومی پیداوار کا تقریباً 0.1فیصد ہے، ہمارے ساحلی علاقے بر اعظموں میں سفر کرنے والے پرندوں کیلئے اہم قیام گا ہیں ہیں ،جو عالمی حیاتیاتی تنوع کو سہارا دیتے اور مقامی ماہی گیری و کمیونیٹیز کی معیشت میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ساحلی مسکنوں کے تحفظ کے لیے قومی اور علاقائی سطح پر مضبوط تعاون ناگزیر ہے، کیونکہ یہ علاقے براعظموں کے درمیان سفر کرنے والے پرندوں کے لیے اہم قیام گاہیں ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی اور سمندری علاقے ’انڈس فلائی وے‘ کا حصہ ہیں، جو وسطی ایشیا اور سائبیریا کو بحیرہ عرب سے جوڑتا ہے۔ ہر سال ہزاروں پرندے ہماری دلدلی زمینوں، مینگروو جنگلات، ندی کے دہانوں اور جزر و مدی نہروں پر خوراک اور آرام کے لیے انحصار کرتے ہیں ،ہم چاہتے ہیں کہ دلدلی ماحولیاتی نظام کو سیاحت کے ساتھ جوڑ کر معیشت کو مزید مضبوط کیا جائے۔
اہم خبریں سے مزید